ملت(قوم)

وہ افراد جو اپنی قوم کے اچھے فرد بننے کا ارادہ رکھتے ہیں ‘ اگر وہ اس عزم میں واقعی مخلص ہیں تو وہ اپنے ذاتی مفادات کو بھول جائیں گے مگر قومی معاملات میں چھوٹے سے چھوٹے معاملوں کو پل بھر کے لئے بھی ذہن سے نہیں نکال سکیں گے۔

* * * * *

سب سے عالی مرتبت قوم وہ ہے جو اپنے تمام کاموں پر اتحاد اور یگانگت کی حدود میں رہتے ہوئے غوروغوض کرتی اور اکثریت کی رائے کو وزن دیتی ہے۔ظاہر ہے کہ ایسی قوم کے افراد کے لیے ایک نہایت اہم شرط یہ ہے کہ اُنہوں نے دین زبان اور تاریخی شعور جیسے حیاتی معاملات میں ایک ہی جیسی تربیت حاصل کی ہو۔

* * * * *

جن لوگوں کو ہم چاہتے ہیں اور جن کی چاہت کے متعلق ہمیں یقینِ کامل ہے‘ اُن کی طرف سے ہم پر کی جانے والی تنقیدہمارے لیے سب سے زیاد ہ پُر لطف شے ہونی چاہیے۔ورنہ اس کے باوجود کہ ہم اپنے بعض نقائص کے باعث اپنے کئی دوستوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ‘ ہمیں اس بات کا خیال بھی نہیں آئے گا کہ ہم اپنے بعض نقائص اور کمزوریوں کو درست ہی کر لیں ۔

* * * * *

ہمیں قومی لحاظ سے کمزور بنانے والے اہم ترین عوامل میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ہم اپنے گردونواح پر حاوی اُن لوگوں کو مخلص سمجھتے ہیں جو بظاہر دوست دکھائی دیتے ہیں مگر اصل میں فریبی لوگ ہوتے ہیں ۔حالانکہ انسان کو ہر وعدے پر بھروسہ کر کے دھوکا نہیں کھانا چاہئے۔ اور نہ ہی ہر راستہ دکھانے والے پر یقین کر لینا چاہیے۔

* * * * *

کسی قوم کے افراد اگر حیلہ بازی اور فریب دہی کو عقلمندی سمجھتے ہیں تو یوں سمجھیے کہ وہ قوم ایک ایسے درد میں مبتلا ہے جو بالکل لا علاج ہے۔ایسے ڈھانچے میں بعض اشیاءکو اچھائی کی علامت سمجھنا دراصل اپنے آپ کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے کوئی دق کا مریض یہ سمجھنے لگ جا ئے کہ اس کے جسم میں جگہ جگہ ہو جانے والی سوجن دراصل اسے موٹا تازہ بنا کر بہتری کی طرف لے جا رہی ہے۔

* * * * *

اگر کسی قوم کے تمام افراد کے درمیان ایسے تعلقات قائم ہوں جیسے خاندانی سطح پر لوگوں کے آپس کے تعلقات ہوتے ہیں ‘ توان تعلقات کے وسیلے سے قسمت اُس قوم کی ترقّی کی چوٹی کی طرف بڑھنے والی سڑک پر یقیناََ پانی کا چھڑکاﺅ کرے گی۔ اس کے برعکس جس قوم کے افراد میں ایک دوسرے سے پیار محبت کا فقدان ہو‘ ہر شخص دوسرے شخص کے خلاف ہو‘ اور لوگوں کو امن و سلامتی کے سلسلے میں ایک دوسرے پر بھروسہ نہ ہو تو نہ صرف یہ کہ وہ قوم ابھی تک صحیح معنوں میں قوم کے درجے تک نہیں پہنچ پائی بلکہ اس قوم کے مستقبل کے بارے میں وعدے وعید کرنا بھی قبل از وقت ہو گا ۔

Pin It
  • Created on .
حقِ اشاعت © 2024 فتح اللہ گولن کی ويب سائٹ. تمام حقوق محفوظ ہیں۔
fgulen.com یہ فتح اللہ گولن. کی سرکاری ويب سائٹ ہے۔